#LIVEANDLETTOLIVE
گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ شروع
گلگت ……گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کی 24نشستوں پر انتخابات کیلئے پولنگ شروع ہوگئی ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام 4بجے تک جاری رہیگی ،انتخابات میںعوامی جوش و خروش کا یہ عالم ہے کہ صبح ہی سے ووٹرز کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی 24 نشستوں کے لئےعوام آج اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں،انتخابی عمل کے باعث گلگت بلتستان میں آج اور کل عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔پورے گلگت بلتستان میں ایک ہزار ایک سو 51 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ جن میں 282 حساس ترین اور 269 حساس قرار دیے گئے ہیں۔انتخابات کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، پورے علاقے کا سیکیورٹی کنٹرول فوج نے سنبھال رکھا ہے ۔ فوجی افسروں کو مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہیں ۔تقریروں ،جلسوں ،جلسوسوں کا وقت گزر گیا،مقابلے کا میدان سج گیا،گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی 24 نشستوں کیلئے 267 امیدوار میدان میں اترے ہیں ۔انتخابی عمل میں6 لاکھ 18 ہزار 364 ووٹر حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں ، جن میں 3 لاکھ 29 ہزار 475 مرد اور 2 لاکھ 88 ہزار 889 خواتین ووٹر شامل ہیں ۔ گلگت بلتستان کے7 اضلاع کی 24 نشستوں پر انتخاب ہوگا۔ضلع اسکردو سے سب سے زیادہ ارکان اسمبلی منتخب ہونگے، جن کی تعداد 6 ہوگی،ضلع دیامر سے 4 ،ضلع گلگت ،ضلع غذر، گانچھے اورہنزہ نگر سے 3،3اورضلع استور سے 2 ارکان منتخب کئے جائینگے۔انتخابات میں ن لیگ اور تحریک انصاف نے تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کیے ہیں، مجموعی طور پر ن لیگ، تحریک انصاف،جےیوآئی ف، اسلامی تحریک پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین ميں سخت مقابلہ متوقع ہے ۔ ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کے لئے فوجی افسران کو مجسٹریٹ کا اختیاردے دیاگیا ہے،فوج کے علاوہ سیکیورٹی کیلئے رینجرز، جی بی اسکاؤٹس، پولیس اورفرنٹیئرکانسٹیبلری کے جوان بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
Comments
Post a Comment